0

ضمنی انتخابی معرکہ پی پی 139 شیخوپورہ

میاں جلیل نے اس سیٹ سے استعفیٰ دے دیا تھا
ضمنی انتخابی معرکہ پی پی 139شیخوپورہ

ان دنوں پاکستان میں سیاسی و عوامی حلقوں میں رواں سال عام انتخابات کی بازگزشت سنائی دے رہی ہے اور بعض حلقے یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ یہ انتخابات اکتوبر یا نومبر میں ہوسکتے ہیں

دوسری طرف شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 139سے نواز لیگ کے ٹکٹ پر 2018کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے رکن صوبائی اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری کے مستعفی ہونے پر اب اس حلقہ میں 11ستمبر کو ضمنی الیکشن ہونے جارہا ہے اگرعام انتخابات کا اعلان توقعات کے مطابق ہوتا ہے تو 11ستمبر کا یہ ضمنی انتخاب ممکن نہیں ہوسکے گا

تاہم موجودہ صورتحال کے مطابق اس حلقہ سے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے پی ٹی آئی کی ٹکٹ کے خواہشمند جن امیدواروں کے نام سامنے آئے ہیں ان میں چوہدری محمد اقبال گوپے راء، حاجی محمد افضل علی ورک، چوہدری ارشد محمود منڈا، چوہدری اویس عمر ورک اوررانا عباس علی خاں شامل ہیں

سوشل میڈیا پر ان امیدواروں کے حامی انکے حق میں پوسٹیں وائرل کررہے ہیں

حلقہ پی پی 139سے مستعفی ہونے والے میاں جلیل احمد شرقپوری کے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے جبکہ انکے متعلق ان دنوں سوشل میڈیا پرانکی سیاسی ہمدردیاں بار بارتبدیل کرنے پر شدید تنقید کی جارہی ہے

2018کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے راؤ جہانزیب قوی خان بھی امیدوار ہوسکتے ہیں تاہم وہ گزشتہ چار سال سے حلقہ کی عوام سے رابطے میں نہیں رہے، 2018کے عام انتخابات میں راؤ جہانزیب قوی خان نے میاں جلیل احمد شرقپوری کے 30294ووٹوں کے مقابلے میں 27103ووٹ حاصل کئے تھے اور اسکے بعد سے وہ پارٹی سرگرمیوں اور کارکنوں و حلقہ کی عوام سے الگ تھلگ ہوگئے

جو نام ابتک سامنے آئے ہیں ان میں حاجی محمد افضل علی ورک نے 2018کے انتخاب میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا اور 15626ووٹ لیکر سیاسی حلقوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا اگر انکے پاس پی ٹی آئی کا ٹکٹ ہوتا یہ سیٹ مسلم لیگ (ن) کبھی بھی نہ جیت پاتی، بلدیاتی انتخابات میں بھی حاجی محمد افضل علی ورک اپنے حلقہ سے ریکارڈ ووٹ لیکر چیئرمین منتخب ہوئے اور وہ مسلسل حلقہ کی عوام سے رابطے میں رہے وہ ڈیرہ دار، زیرک اور بااصل شخصیت کے مالک ہیں اور اپنے حلقہ میں مقبولیت رکھنے کیساتھ ساتھ ورک برادری میں بھی نمایاں مقام رکھتے ہیں جبکہ دیہات کی عوام ان پر بھرپور اعتماد کرتی ہے

چوہدری محمد اقبال گوپے راء کا شمار پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا ہے اور 2013اور 2018کے عام انتخابات میں پارٹی نے ٹکٹ نہ دیکر ان سے زیادتی کی مگر اسکے باوجود وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہی کھڑے رہے نہ صرف 2018کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں اپنا موثر و مربوط کردار ادا کیا بلکہ گزشتہ 13سال سے ہر موقع پر پارٹی کیلئے بڑھ چڑھ کر کام کیا اب وہ حلقہ پی پی 139سے امیدوار ہیں اور انکا اس حلقہ میں اچھا خاصا اثر و رسوخ ہے اور وہ شیخوپورہ کے معروف گوپے راء خاندان کے چشم و چراغ ہیں اور انہیں قوی امید ہے کہ اس مرتبہ پارٹی ٹکٹ انہیں ملتا ہے تو وہ واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے پارٹی ٹکٹ کیلئے حصول کیلئے وہ قیادت سے رابطے میں بھی ہیں

چوہدری ارشد محمود منڈا سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی اصغر منڈا کے سگے بھائی ہیں 2018کے عام انتخابات میں حاجی علی اصغر منڈا نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر این اے 120سے حصہ لیا مگر کامیاب نہ ہوسکے انتخابات کے فوری بعد میاں جلیل احمد شرقپوری نے سیاسی قلابازی کھائی اور فارورڈ بلاک بنا کر پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ جاملے اس دوران حاجی علی اصغر منڈا اور انکے بھائی چوہدری ارشد محمود منڈا کی پارٹی خدمات کو پس پشت ڈال کر شرقپوری صاحب کو ترجیح دی گئی مگر وہ پھر بھی اپنی جماعت پی ٹی آئی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے چند ہفتے قبل پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات میں علی اصغر منڈا کو انکی پارٹی خدمات پر چیئرمین نے سراہا اب انکے بھائی اس حلقہ سے پی ٹی آئی کا ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں وہ اس حلقہ میں ارائیں برادری کے واحد امیدوار ہیں

خوبصورت شخصیت، خوش اخلاق و نوجوان قیادت چوہدری اویس عمر ورک کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد اس بات کی خواہاں تھی کہ وہ پی پی 140سے الیکشن لڑیں تاہم وہ اس حلقہ سے ضمنی الیکشن میں امیدوار نہ تھے اب وہ بھی پی پی 139سے امیدوار ہیں انکے قریبی رشتہ دار چوہدری محمد سعید ورک بھی پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر این اے 121ہیں جبکہ اس خاندان کا پی ٹی آئی میں کافی اثر و رسوخ ہے چوہدری اویس عمر ورک نے بڑی سوچ بچار کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ پی پی 139سے پارٹی ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے انکے اس فیصلہ سے کارکنان میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے حلقہ میں اپنے رابطے بڑھا دیئے ہیں

رانا عباس علی خاں سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری کے قریبی ساتھی ہیں اور ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی 139 سے ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا، ذرائع کے مطابق وہ میاں جلیل احمد شرقپوری کی مشاورت سے اس انتخابی معرکہ میں اترے ہیں میاں جلیل شرقپوری کی کوشش ہوگی کہ وہ رانا عباس علی خاں کو اس حلقہ سے پی ٹی آئی کا ٹکٹ دلوائیں، رانا عباس علی خاں گزشتہ کئی سالوں سے پی ٹی آئی سے وابستہ ہیں تاہم 2018کے عام انتخابات میں انہوں نے پی ٹی آئی کے امیدوار کو سپورٹ کرنے کی بجائے (ن) لیگ کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا تھا

پی پی 139تحصیل شرقپور اور اسکے نواحی علاقوں پر مشتمل ہے اور شہر شیخوپورہ سے منسلک ہے اور شہری آبادیاں محلہ رحمان پورہ اور ہاؤسنگ کالونی و غیر ہ بھی اس حلقہ میں شامل ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں